Tuesday, 26 May 2015

Leave Stern Attitude And Abandon Dry Consistency./ Karakhat Rawaiya Aur Khushq Mizaji Tarq Kar Dain .. .. کرخت رویہ اور خشک مزاجی ترک کر دیں

آپ چاروں طرف سے پریشانیوں میں گھر گئے ہیں‘ کوئی امید کی کرن نظر نہیں آتی۔

دکھوں نے آپ کو ذہنی طور پر ہی نہیں جسمانی طور پر بھی بیمار کر دیا ہے۔ ایسے میں جب کوئی راستہ نظر نہ آئے تو پریشانی دور کرنے کا ایک راستہ ہے۔آپ یہ سوچیے کہ آپ دوسروں کی پریشانیاں کیسے دور کر سکتے ہیں اور دوسروں کو کیسے خوش کرسکتے ہیں۔ بظاہر یہ ناقابل یقین سی بات نظر آتی ہے کہ دوسروں کو خوش کرنے سے آپ کی پریشانیاں دور ہو جائیں لیکن وہ لوگ جو دوسروں کو خوش کرنے کی کوشش کرتے ہیں‘ ان کے مسائل میں دلچسپی لیتے ہیں، قدرت کی طرف سے ان کو یہ انعام ہوتا ہے کہ ان کی پریشانیاں خود بخود دور ہو جاتی ہیں۔ دوسروں کی خدمت اور مدد کر کے ایک روحانی خوشی ملتی ہے اور جب آپ رات کو سوتے ہیں تو ایک سکون اور اطمینان بخش احساس آپ کے ساتھ ہوتا ہے۔

ہمارے محلے میں ایک صاحب کی عادت ہے کہ جب بھی ان کو کوئی پریشانی یا مصیبت درپیش آئے تو وہ کھانے کی ایک دیگ،روٹیاں اور کپڑے جوتے وغیرہ خرید کر غریبوں کی بستی کا رخ کرتے ہیںاور پھر وہاں پر یہ اشیاء لوگوں میں بانٹ آتے ہیں۔ان کے مطابق جب وہ یہ کام انجام دے کر واپس آتے ہیں تو ان کی پریشانی اگر ختم نہیں تو کم ضرور ہو جاتی ہے۔ ان کے نقطہ نظر کے مطابق اگر انسان خوش رہنا چاہتا ہے تو وہ اپنے ارد گرد بسنے والے انسانوں کی خوشیوں کا بھی خیال رکھے اور انھیں بھی اپنی خوشیوں میں شریک بنائے تو کوئی وجہ نہیں کہ قدرت اسے دکھوں اور پریشانیوں سے دور کر کے خوشیوں سے مالا مال نہ کرے۔ خاص کر وہ نوجوانوں کوبار ہا یہ نصیحت کرتے نظر آتے ہیں کہ اس عادت کو جوانی میں ہی اپنا لو تاکہ یہ تا عمر آپ کو خوشیاں فراہم کرتی رہے۔

اسلام فطرت سے انتہائی قریب مذہب ہے اور زندگی گزارنے کا بہترین لائحہ عمل ہمیں صرف اسلام نے ہی دیا ہے۔ اسلام میں پڑوسی کا خیال رکھنے اور اس کی خیر خواہی کے لیے سخت تاکید کی گئی ہے۔ بیمار کی عیادت انتہائی ثواب ہے۔ صلہ رحمی یعنی اپنے رشتہ داروں سے حسن سلوک کرنے کی تعلیم دی گئی ہے۔ قطع رحمی کو سخت گناہ کہا گیا ہے۔ اس سب کا ایک ہی مقصد ہے کہ ہم صرف اپنی ذات کے بارے میں نہ سوچیں بلکہ دوسروں کا خیال بھی کریں۔ ان کے دکھ درد میں شریک ہوں۔

مشہور ماہر نفسیات ڈاکٹر ایڈلر ہر روز ایک نیکی کرنے کی تلقین کرتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ جب ہم دوسروں کو خوش کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو اپنے متعلق بھول جاتے ہیں۔ پریشانی‘ خوف اور خفقان کی بڑی وجہ یہ ہے کہ لوگ صرف اپنے متعلق سوچتے رہتے ہیں۔دوسروں کے متعلق سوچنے سے نہ صرف آپ اپنے متعلق پریشان ہونے سے بچ جائیں گے بلکہ اس سے آپ کو دوست بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ وقت ضائع ہونے والی چیز ہے‘ اس لیے جو نیکی کر سکتے ہوں‘ اسے فی الفور کرنا چاہیے کیونکہ آپ اس راستے سے دوبارہ نہیں گزریں گے۔اگر ہم خوش‘ مطمئن اور صحت مند رہنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ایک ہی طریقہ ہے۔ دوسروں میں دلچسپی لیں اور ہر روز کوئی ایسا نیک کام کریں جو کسی کے چہرے پر تبسم بکھیر دے۔

آپ نے دیکھا ہو گا کہ کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جن میں بظاہر کوئی بھی غیر معمولی خوبی یا صلاحیت نہیں ہوتی پھر بھی لوگ انہیں بہت پسند کرتے ہیں۔جبکہ بعض لوگوں کو اللہ تعالیٰ نے حسن‘ دولت‘ ذہانت‘ معاشرے میں اعلٰی مقام‘ ہر خوبی سے نوازا ہوتا ہے لیکن لوگ ان سے کتراتے ہیں اوران سے دوستی کرنا پسند نہیں کرتے۔ آپ نے کبھی غور کیا کہ اس کی کیا وجہ ہے؟اس کی بنیادی وجہ انسان کا مزاج اور عادات ہیں۔

٭کیا آپ چھوٹی چھوٹی باتوں کا برا مان جاتے ہیں؟

٭آپ کو ہر دم یہ احساس رہتا ہے کہ لوگ آپ کو اہمیت نہیں دیتے؟

٭اگر کوئی آپ پر تنقید کرے تو آپ کو غصہ آ جاتا ہے؟

٭اگر کوئی آپ سے ناراض ہو جائے تو آپ منانے میں پہل کرنے کو اپنی توہین سمجھتے ہیں؟

٭اگر آپ سے کوئی مذاق کرے تو آپ سنجیدہ ہو جاتے ہیں؟

اگر ان سب باتوں کا جواب اثبات میں ہے تو آپ تنک مزاجی کا شکار ہیں اور آپ کو اپنی شخصیت میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔جو لوگ ذرا ذرا سی بات پر برا مان جاتے ہیں‘ لوگ ان سے دور رہنے لگتے ہیں۔ اس طرح وہ احساس تنہائی کا شکار ہو جاتے ہیں۔

خوش مزاج بننا مشکل نہیں ہے۔اگر کوئی آپ پر تنقید کرتا ہے تو برا نہ مانیں‘ سوچیں کہ اس کی بات کس حد تک صحیح ہے‘ اگر آپ میں کوئی خامی ہے تو اپنی اصلاح کر لیں۔ اگر اس نے غلط تنقید کی ہے تو یہ سوچ کر بھول جائیں کہ یہ اس کا نقطہ نظر ہے۔کوئی روٹھ جائے تو اسے خود بڑھ کر منا لیں۔ اس میں آپ کی ہتک نہیں ہے بلکہ بڑائی ہے۔کوئی آپ کو نظر انداز کرتا ہے تو خود آگے بڑھ کر بات کریں۔کوئی آپ سے بڑا ہو یا چھوٹا‘ اس کی عزت کریں۔لوگ آپ سے محبت کرنے لگیں گے اور آپ کے دوست بن جائیں گے ،اس لیے کہ ہنستے مسکراتے چہرے‘ خوش گفتار لوگ سب کو بھلے لگتے ہیں۔

ایسے لوگ جن کی پیشانی پر بل ہوں‘ لب نفرت سے سکڑے ہوں اور لہجے میں کرختگی ہو‘ آپ کا ان سے بات کرنے کو جی چاہتا ہے؟ نہیں ناں! تو پھر آج سے طے کر لیں کہ آپ ایک خوش مزاج شخصیت ہوں گے کیونکہ جب آپ کو خود تنگ مزاج اور کرخت لوگ پسند نہیں ہیں تو آپ  دوسروں سے بھی یہ امید نہ رکھیں کہ وہ بلاوجہ آپ کی کرختگی کو برداشت کریں گے۔آپ تجرباتی طور پر ہی سہی کچھ عرصہ کیلئے اپنی طبیعت کو خوش مزاجی کی طرف مائل کریں،ہمیں یقین ہے کہ لوگوں کا بدلتا ہوا مثبت رویہ آپ کو خوش مزاج رہنے پر مجبور کر دے گا اور آپ پر ظاہر ہو گا کہ آس پاس کے لوگوں کے ساتھ ہی آپ کی خوشیاں وابستہ ہیں اور اگر آپ کے ارد گرد کے لوگ خوش وخرم ہیں تو یقیناً آپ بھی ان خوشیوںمیں حصہ دار ہوں گے۔

Friday, 15 May 2015

Ghaflatein...Jin Say Aghahi Zaruri hy.....غفلتیں۔۔۔ جن سے آگاہی ضروری ہے

بہت کم خواتین اس بات سے واقف ہوں گی کہ عام گھریلو آلات ہماری غفلت کے باعث اَن جانے میں ہمیں نقصان پہنچانے کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔

ہمارا کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، ریفریجریٹر، واٹر ڈسپینسر سے  واشنگ مشین تک ہماری صحت کے دشمن بن سکتے ہیں۔ برتن دھونے کا اسفنج، الیکٹرک کیٹل، مائیکرو ویو، سینڈ وچ میکر، نمک، کالی مرچ اور چاٹ مسالے کی برنی وغیرہ جراثیم کی آماج گاہ بن جاتے ہیں۔

واشنگ مشین میں عموماً کپڑے ٹھنڈے پانی سے دھلتے ہیں ایسی صورت میں جراثیم ایک کپڑے سے دوسرے کپڑے میں منتقل ہو جاتے ہیں۔ ضروری نہیں کہ ہمارے گھر میں سے کوئی کسی بیماری میں مبتلا ہو اور تب ہی اس کا خدشہ ہو۔ ہمارے گھر کے بہت سے افراد دن بھر مختلف جگہوں پر آتے جاتے ہیں، ایسے میں اس بات کا بہت زیادہ خدشہ ہوتا ہے کہ باہر کے لوگوں سے یہ جراثیم ہمارے اہل خانہ کے کپڑوں میں منتقل ہو جائیں۔ یہی نہیں چھوٹے بچوں کے آلودہ نیکر، پاجامے اور زیر جامہ اس مشین میں دیگر کپڑوں کے ساتھ ٹھنڈے پانی میں دھلتے ہیں۔ اس کے علاوہ بہت سے لوگوں کو اسی بنا پر جلد کا انفیکشن بھی ہو جاتا ہے، گرمیوں میں پسینوں کے کپڑوں کے باعث بھی یہی خدشات درپیش ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق واشنگ مشین میں دھلائی کے دوران ہیپاٹائٹس اے اور آنتوں میں پرورش پانے والے دیگر وائرس، ملبوسات کے ذریعے ہم میںمنتقل ہو سکتے ہیں۔ اس لیے احتیاط کرنا ضروری ہے۔

آپ اپنے کپڑے گھر کی واشنگ مشین میں ہی دھوئیں، مگر تولیہ، رومال وغیرہ عام کپڑوں سے علیحدہ دھوئیں یا اسے آخر میں اچھے طریقے سے پانی بدل، بدل کر دھوئیں۔ دیگر ممالک کے برعکس ہمارے یہاں عام طورپر گھروں میں ہیٹر والی مشین کے بہ جائے سادی مشین استعمال ہوتی ہے، لہٰذا کوشش کریں کہ کپڑے گرم پانی سے دھوئیں، پانی میں جراثیم کُش لیکوڈ ڈیٹول، بلیچ وغیرہ کا استعمال کریں اور مخصوص کپڑوں خاص طورپر جراثیم کش لیکوڈ شامل کریں۔ کپڑے دھونے کے بعد انہیں دھوپ میں پھیلائیں اور تیز گرم استری کریں۔

اکثر لوگ کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، موبائل اور لینڈ لائن فون استعمال کرنے کے دوران کھاتے پیتے بھی رہتے ہیں۔ انہیں خیال نہیں ہوتا کہ ان آلات کے صرف کی بورڈ اور بٹنوں کے درمیان کتنے جراثیم موجود ہیں۔ اکثر کمپیوٹر کے کی بورڈ کی صرف بالائی سطح سے ہی صفائی کی جاتی ہے، جب کہ اس کے ریخوں میں دھول مٹی کی تہہ بچھی ہوتی ہے، جس میں جراثیم پلتیرہتے ہیں۔ اسی طرح موبائل وغیرہ بھی ہم سارا دن استعمال کرتے رہتے ہیں۔ ظاہر ہے کبھی ہم مسافر بسوں میں ہوتے ہیں، تو کبھی دفتری امور میں مصروف۔۔۔ ایسے میں موبائل فون بھی براہ راست جراثیم زدہ ہو جاتا ہے۔ اس لیے احتیاط کا تقاضا یہی ہے کہ کمپیوٹر اور موبائل وغیرہ کے استعمال کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھو لیے جائیں۔

ساتھ ہی کمپیوٹر کے کی بورڈ کی صفائی کے لیے جراثیم کش محلول میں ایک باریک روئیں والا برش بھگو کر استعمال کریں۔ اس کے لیے اگر میک اپ کٹ کا پرانا برش استعمال کر لیں۔ اس کے علاوہ کاٹن، ململ کے کپڑے سے روزانہ استعمال سے پہلے نرمی سے کی بورڈ صاف کریں۔ یہ اس لیے زیادہ بہتر اس لیے ہے کہ روئیں اندر تک جا کر اچھی طرح صفائی کریں گے۔ اسی طرح  الیکٹرک کیٹل، مائیکروویو، سینڈوچ میکر، نمک، کالی مرچ اور چاٹ مسالے کی برنی بھی بہت سی خواتین طویل عرصے تک  صاف نہیں کرتیں، جس بنا پر وہ ہمارے لیے مضر صحت بن جاتی ہیں۔ اس لیے ان تمام چیزوں کی صفائی ستھرائی رکھنا بے حد ضروری ہے، تاکہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی صحت کو برقرار رکھا جا سکے۔

A Few Things That Can Make Lasting Marriage Relationship ... شادی کے رشتے کو پائیدار بنانے والی چند باتیں

شادی ایک ایسا بندھن ہے جو زندگی بھر کے لیے باندھا جاتا ہے لیکن اس جدید دور میں یہ رشتہ دیگر رشتوں کی طرح اپنی مضبوطی اور پائیداری کھوتا جا رہا ہے اور معاشرے میں شادی جلد ٹوٹنے اور طلاق کا تناسب بڑھتا جا رہا ہے جس کی وجوہات عام طور پر آپس میں عدم تعاون، فریب، شک اور معاملات کو ایک دوسرے سے شیئر نہ کرنا ہیں تاہم چند ایسی باتیں ہیں جن پر اگر عمل کیا جائے تو یہ رشتہ پائیدار ہوسکتا ہے۔
عہدوپیمان:  رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد اس کو قائم رکھنے کے لئے عہد وپیمان کرنا اور اس کی ضروریات کا خیال رکھنا اس رشتے کی پائیداری میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اگرچہ عہد و پیمان کو کرنے اور اسے نبھانے میں کچھ وقت لگتا ہے تاہم جب ایک دفعہ کر لیا جائے تو اسے پورا کرنا شادی کی کامیابی کا ضامن بن جاتا ہے۔
محبت:  شادی والدین کی خواہش کے مطابق ہو یا لو میرج، دونوں ہی صورت میں محبت کا جذبہ اس رشتے کو قائم رکھنے کی مضبوط ترین کڑی ہے کیوں کہ اگر محبت اس رشتے سے نکال دی جائے تو یہ رشتہ مجبوری بن جاتا ہے۔
 
احترام:  میاں بیوی کے رشتے میں ایک دوسرے کا احترام ہی اسےکامیاب بناتا ہے اس لیے کہا جاتا ہے کہ اگر احترام نہ ہوتو آپس میں محبت بھی نہیں رہتی۔
صبر وتحمل: انسانوں کی فطرت ایک دوسرے سے عام طور پر مختلف ہوتی ہے اس لیے جب دو مختلف طبعیت رکھنے والے افراد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوتے ہیں تو آپس میں اختلافات بھی ممکن ہیں تو ایسی صورت صبراور برداشت ہی تعلقات میں خوشگوار تبدیلی لاتا ہے اور آگے کی جانب بڑھتا ہے۔
معاف کردینا: جس طرح والدین غلطیوں پر اپنے بچوں کو معاف کردیتے ہیں اسی طرح کا طرز عمل میاں بیوی بھی ایک دوسرے کی چھوٹی چھوٹی غلطیوں کو نظر انداز کر کے ہی ایک کامیاب اور خوشگوار ازدواجی زندگی گزار سکتے ہیں۔
ایماندرای اور اعتماد:  میاں بیوی کا ایک دوسرے اعتماد اور معاملات میں ایمان داری ہی دراصل اس رشتے کو شفاف اور مضبوط بناتی ہے۔ اگر دونوں کچھ چیزیں ایک دوسرے سے خفیہ رکھیں گے تو آپس میں اعتماد کی فضا قائم نہیں ہو سکے گی اور شک کا عنصر دونوں کو ایک دوسرے سے دور کردے گا۔
بات چیت کا عمل: ہر معاملے پر ایک دوسرے سے گفتگو کریں اور کسی اہم مسئلے پر ایک دوسرے کا نکتہ ضرور سنیں  اورکوشش کریں کہ کسی بھی ایشو پر گفتگو کا راستہ کھلا رکھیں۔
ایثاراور بے غرضی:  شادی کے بعد میاں بیوی ایک ایسے رشتے میں منسلک ہوجاتے ہیں جہاں ایک دوسرے کا خیال رکھنا لازمی ہوجاتا ہے جس میں ایک کا دوسرے کے لیے ایثار کا جذبہ اس رشتے کو طاقت اور پائیداری عطا کرتا ہے۔ اپنی ضرورت پر ساتھی کی ضرورت کو ترجیح دینا اور اسے پہلے موقع دینا ہی درحقیقت اس رشتے کی دلکشی اور طاقت ہے جسے بنیاد بنا کر اسے خوشی کے رنگوں سے مزین کیا جاسکتا ہے۔

Thursday, 14 May 2015

Insan Chahay to Khush Rehna Mushkil Nahi.....انسان چاہے تو خوش رہنا ہرگز مشکل نہیں!

انسان جس تیز رفتاری سے ترقی کررہا ہے ویسے ہی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ انسان کے لیے سچی خوشیوں کو حا صل کرنا مشکل ترین ہوتا جارہا ہے کیونکہ روزمرہ کے معاملات کی دوڑ دھوپ میں انسان نے خود کو مشین کا ایک پرزہ بنالیا ہے۔
ہم اپنے ارد گرد نظر دوڑائیں تو حصول معاش کی جدوجہد، گھریلو پریشانیوں اور دیگر خود ساختہ مسائل میں مبتلا انسان کے لیے خوشی کا تصور ماند پڑرہا ہے، جب ہی وہ اپنی زندگی کو پُرسکون بنانے کے لیے خوشی کے چھوٹے چھوٹے موقعوں کی تلاش میں رہتا ہے۔
اگر دیکھا جائے تو یہاں قصور انسان کی اپنی مادہ پرست طبعیت کا ہی ہے، وہ سمجھتا ہے کہ حقیقی خوشی اپنے اور اپنے گھروالوں کے لیے پیسے خرچ کرکے ہی حاصل کرسکتا ہے۔ بس اِسی خیال پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پیسے کے حصول کے لیے نہ دن دیکھتا ہے اور نہ رات، مگر نقصان یہ ہوتا ہے کہ جو وقت وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ رہ کر خوشی کے لمحات گزارسکتا تھا مگر وہ وقت اُس نے پیسے کے حصول کے لیے گزار دیا۔
مادی خواہشات کی تکمیل میں کوشاں انسان اس خیال کا پابند ہے کہ جس شخص کے پاس جتنا پیسا ہے وہ اتنا ہی مطئمن اور خوش گوار زندگی گزارتا ہے حالاںکہ حقیقت بالکل برعکس ہے۔ انسان نے معاشی طور پر خود کو مضبوط کرنے کی جستجو میں خود کو بے انتہا مصروف کرلیا ہے اور جن گھر والوں کو آسائشیں دینے کے لیے وہ یہ محنت کرتا ہے ان کو ہی وقت نہیں دے سکتا ہے۔ یوں زندگی کا سنہری دور جس میں اس کے گھروالوں کو اس کے ساتھ کی ضرورت ہوتی ہے، وہ پیسہ حاصل کرنے کی لگن میں کھو دیتا ہے۔
ضروری نہیں کہ حقیقی خوشی بے پناہ محنت اور بے تحاشا پیسہ خرچ کرکے حاصل کی جائے، خوشی حاصل کرنے کے قیمتی مواقع تو ہماری اپنی ہی دسترس میں ہوتے ہیں اور جن تک پہنچنا نہایت آسان ہوتا ہے۔ ان خوشیوں تک رسائی کے لیے ہزاروں روپے خرچ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی ہے اور نہ ہی دن رات کی ان تھک محنت درکار ہوتی ہے۔ بس درست وقت پر ان سچی اور دیرپا خوشیوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے خدا کی عطا کردہ نعمتوں کا ادراک ہونا ضروری ہے اور جب انسان ان نعمتوں کی اہمیت کو سمجھ جاتا ہے، تب وہ ان نعمتوں کی خوشیوں کو محسوس کرتا ہے اور یوں اس کی زندگی سے مایوسی کے اندھیرے دور ہوجاتے ہیں اور وہ خود کو دنیا کا خوش قسمت ترین انسان سمجھنے لگتا ہے۔
خوش رہنے کی چند اہم وجوہات جو آگے آپ پڑھیں گے کم و بیش ہر انسان کے پاس ہیں اور انسان کو خوشی منانے کی کوئی اور عارضی وجہ ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں ہے۔
خوشی منانے کی سب سے بڑی وجہ تو یہ ہے کہ صبح کی پہلی کرن کے ساتھ آپ کو زندگی کا ایک نیا دن دیکھنے کا موقع ملا، اس موقع کا درست استعمال کرکے اپنی زندگی کو کامیاب بنانے کی کوشش کریں۔
صحت و تندرستی خدا کی عطا کردہ نعمت ہے، آپ کو اس بات کی خوشی منانی چاہیے کہ آپ کا شمار صحت مند لوگوں میں ہوتا ہے۔ زندگی کی رعنائیوں کو محسوس کرسکتے ہیں اور آپ خوش قسمت ہیں جو خدا کی دی نعمتوں کا لطف اٹھاسکتے ہیں ورنہ دنیا میں نجانے کتنے ہی لوگ ہیں جو بیماری کے باعث ان نعمتوں سے محروم ہیں۔
آپ کے سر پر چھت ہونے کا احساس بھی کسی بڑی خوشی سے کم نہیں ہے ورنہ دنیا میں بے شمار انسان بے سر و سامانی کی حالت میں زندگی گزاررہے ہیں، نہ ان کے پاس سر چھپانے کے لیے چھت ہے نہ تن ڈھانپنے کے لیے کپڑا، وہ کسی سائبان کی تلاش میں ہیں۔ لہذا آپ اس بات کی خوشی منائیں کہ آپ ایک محفوظ پناہ گاہ میں ہیں جہاں آپ دھوپ کی تمازت، بارش، آندھی اور طوفان سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
خوش رہنے کے لیے یہ اطمینان ہی کافی ہے کہ بحثیت انسان آپ کڑوا، میٹھا، نمکین، کھٹا تمام ذائقوں کو چکھ سکتے ہیں۔ مسحور کن خوشبووں کو سونگھ سکتے ہیں۔ قدرت کے بنائے حسین شاہکاروں کے نظارے کرسکتے ہیں جو خدا کی خدائی کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور آپ ان نظاروں کو دیکھ کر اپنے الفاظ کے ذریعے ان کی تعریف کرسکتے ہیں۔ غرض ان تمام وجوہات کی بدولت انسان خوش رہنے کے کئی بہانے ڈھونڈ سکتا ہے۔
خوش رہنے کی اہم وجہ یہ بھی ہے کہ آپ کے اردگرد پیار کرنے والے والدین، رشتہ دار، دوست احباب موجود ہیں۔ جو آپ کی فکر کرتے ہیں، جب آپ پریشان ہوتے ہیں تو وہ بھی پریشان اور کامیابی پر خوش ہوتے ہیں۔ ورنہ تنہا زندگی گزارنے والوں کو زندگی کسی بوجھ سے کم نہیں لگتی ہے۔
آزادی کا تصور بھی نعمت سے کم نہیں ہوتا ہے۔ خوشی منانی ہے تو آزاد ملک کا شہری ہونے کی منائیں کیونکہ دنیا میں کتنی قومیں اپنے ملک کی آزادی کی جنگ لڑرہی ہیں، جن کے لیے آزاد ملک کا شہری ہونا دنیا کی تمام نعمتوں سے بڑھ کر ہے۔
خوش رہنے کے لیے انسان کا اپنی سوچ کو بدلنا بھی ضروری ہے، اپنی سوچ کو مثبت بنائیں، کسی بھی بات کے مثبت پہلوئوں پر نظر رکھیں اور منفی پہلوئوں کو نظر انداز کرکے ان کا موثرحل تلاش کریں۔
زندگی میں حاصل ہونے والی چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو خوش آمدید کہیں اور ان کا جشن منائیں یہ نہیں کہ بڑی کامیابیوں کے انتظار میں ان خوشیوں کو منانے کا درست وقت بھی ہاتھ سے نکل جائے۔
خوش رہنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ حال میں زندہ رہنا سیکھیں۔ ماضی کے دکھوں اور پریشانیوں کو بھلا کر اپنے حال اور مستقبل کو بہتر بنانے کی منصوبہ بندی کریں اور اپنے آج کو روشن بنا کر خوش رہیں۔
انسان خوش مزاج اور زندہ دل لوگوں کی صحبت میں وقت گزار کر بھی خوش رہ سکتا ہے۔ مثبت سوچ رکھنے والے لوگوں کی صحبت میں بیٹھ کر انسان اپنی سوچ میں بھی خوش گوار تبدیلی محسوس کرتا ہے۔ خوش رہنے کے لیے دوسروں کی خوشیوں میں شریک ہوں، چھوٹوں، بڑوں اور ملازمین سب کے ساتھ دوستانہ رویہ رکھیں۔ خود کو دوسروں کی مدد کے لیے پیش کریں، دوسروں کی مدد کرکے حاصل کی گئی خوشی کا کوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا ہے۔
خوش اور پُراطمینان آپ یہ سوچ کر رہ سکتے ہیں کہ آپ پڑھ سکتے ہیں، پڑھ کر ان باتوں کو اپنی زندگی میں شامل کرسکتے ہیں۔ تعلیم سے محروم انسان اپنی رائے کا اظہار ٹھیک سے نہیں کرسکتا جبکہ تعلیم یافتہ شخص باآسانی اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرسکتا ہے۔ چنانچہ خوش رہنا اور خوشی منانا مشکل نہیں بس یہ تو ہماری اپنی سوچ اور مثبت ارادوں پر منحصر ہے۔

Tuesday, 5 May 2015

Samaji /Social Touche......سماجی ٹُچیں

دس سال پہلےیعنی ۲۰۰۴ تک سب اچھا چل رہا تھا، انسان کی پہنچ یا تو گھر والوں تک تھی یا پھر اپنے دوست و احباب تک۔ مگر کِسے خبر تھی کہ ایک امریکی چھُوکرا ’منہ والی کتاب‘ میرا مطلب ’فیس بُک‘ بنا کر دنیا کو ایک نئے سماجی واسطے سے روشناس کرائے گا اور پھر انسان کا دائرہ کار اہل خانہ اور دوست و احباب کی پہنچ سے نکل کر پوری دنیا تک پھیل جائے گا۔۔۔۔
خیر اب تو اُس بیچارے سے حماقت ہوگئی، لیکن معاملہ تو مزید سنگین تب ہوا جب اصل کہانی شروع ہوتی ہے یعنی فیس بک کی آمد پاکستان میں ہوتی ہے۔ موبائل پر فیس بک کی رسائی سے قبل بھی معاملہ کسی قدر قابل برداشت تھا مگر پھر مقبولیت میں اضافے کے ساتھ ساتھ نوجوانانِ ملت نے اِس ’سماجی بیٹھک‘ پر اپنے رنگ بکھیرنے شروع کیے اور یہیں سے ایک خاص طرزِ ثقافت نے آنکھ کھولی ۔۔۔ جسے ’ٹچا ازم‘ کہا جائے تو میری ذاتی رائے میں تو ہرگز غلط نہ ہوگا۔ اس کلچر کے پیروکاروں کی قابلِ قدر خصوصیات کا ذکر کرنا مناسب سمجھتا ہوں۔۔

·ہوٹل یا ریسٹورنٹ جائیں گے تو کھانے کا استقبال منہ کھول کر نہیں بلکہ کیمرا کھول کر کریں گے۔

·جب کار یا موبائل لیں گے تو سب سے پہلے تصویر فیس بُک پر چڑھائیں گے۔ جیسے فیس بُکی ماتا جی کو درشن کرانے کی منت مانگی تھی۔ پھر ایک تصویر سے بھی گزارا نہیں ہوتا پُوری البم لگائیں گے۔

·منہ اتنا ٹیڑھا کرکے ٖفوٹو لگائیں گے جیسے لکوے یا فالج کے لئے دعاؤں کی اپیل کا پوسٹر چھپوا رہے ہوں۔۔

· ٹیگ کا استعمال اتنا وافر کریں گے کہ جیسے یاروں کا سو رُکنی وفد لیکر پھرتے ہوں۔ ازیت ناک صورتحال تو جب ہوتی ہے کہ جس بندے کا تصویر کے ساتھ میلوں کا فاصلہ تک نہ ہو لیکن پھر بھی اُس کو ٹیگی سوغات بخشیں گے۔

· کاپی پیسٹ اتنی ڈھٹائی سے کریں گے کہ جیسے باپ دادا سے ’پُوسٹ‘ وراثت میں ملی تھی۔

· لڑکی کی تصویر والا اکاؤنٹ دیکھتے ہی فرینڈ ریکویسٹ بھیجنے کو فریضہ اؤل سمجھتے ہیں۔

· اپنی نئی تصویر کیا لگائی، اور کے لیے تو عذاب ہی بن جاتی ہے۔ دوستوں سے کہہ کہہ کر ’لائک‘ کروائیں گے، اور ’بارٹر سسٹم‘ کے تحت دوسروں کی پوسٹس اور اچھی بھلی تصویریں بھی اُسی وقت لائک کریں گے جب وہ لائک کرے گا۔

· گو گو کے نعرے اور باقی سماجی بھجن اس ترنم سے پوسٹ کریں گے جیسے سماجی قبض اب ٹوٹی کہ جاں چھوٹھی۔۔۔۔ اور انہی کی چیخوں سے ٹوٹے گی بھی۔

· اگر خدا نخواستہ کسی سے جھگڑا ہوجائے تو بس پھر دعا کرنی پڑتی ہے کہ اللہ سب کی ماں بہنوں کی عزت کی حفاظت کرے۔

· انگریزی میں گالیاں اِس قدر دیں گے کہ انگریز بھی منہ چھُپانے پر مجبور ہوجائیں اور اُردو میں امام دین گُجراتی کا بھی نشہ اُتار دیں۔

· کرکٹر اچھا کھیل جائیں تو تعظیم اتنی کہ فیس بُک پیج کم اور دربارِ اکبر اعظم کا گمان زیادہ ہوتا ہو لیکن جس دن ٹیم ہار جائیں تو قصہ ہیڈ اینڈ شولڈر شیمپو کے اشتہار سے شروع ہوتا ہے اور بزرگ مصباح الحق پر تمام ہوتا ہے۔

·   شوبزنس کی کوئی ستارہ دنیا سے رخصت ہوجائے تو صفِ ماتم بچھا دیں گے۔ اپنے جذبات کا اظہار ایسے کریں گے کہ جیسے بچپن میں قلفیاں بھی ساتھ کھاتے رہے ہوں۔

·  سیاست پر تبصرہ اتنی یکسانیت سے کریں کہ مبشر لقمان کو ہیرو بنا دیں گے اور آنکھیں پھیرنے پر آئیں تو جنرل مشرف کو لائکس دے دے کر ملک بُلائیں اور پھر یقدم دامن جھاڑ لیں۔

· رہی بات مذہب کی تو رمضان کی شروعات رمضان مبارک کے کور فوٹو سے ہوتی ہے اور عید کا چاند نظر آتے ہی ’مینوں تو ہاٹ لگدی‘ کا کور فوٹو لگ جاتا ہے۔۔۔ ایک دوسرے پر فتوے اور فرقہ پرستی پر اتنا کُھل کر بات کریں گے کہ جیسے جنت کی کالونی کاٹنے کا ٹھیکہ انہی کو ملا ہے۔۔۔۔

· ایک عدد ڈی ایس ایل آر کیمرہ کیا لے لیں، تو اپنی تصویر لگا لگا کر لوگوں کا جینا حرام کردیتے ہیں۔


نوٹ: ان میں سے کسی بھی خصلت کے اگر آپ شکار ہیں تو پیشگی معذرت ہے۔۔۔۔۔

Monday, 4 May 2015

Bay Khuwabi Ko Nazar Andaz na Karein.....بے خوابی کو نظر انداز نہ کریں

یورپ میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق مردوں کے مقابلے میں ایسی خواتین کی تعداد دگنی ہے جو کہ بے خوابی کے مرض میں مبتلا ہیں۔
بے خوابی کا شکار خواتین میں زیادہ تعداد زاید العمر، غیر شادی شدہ (30 سال سے کم)، طلاق یا خلع یافتہ کی ہے۔ اس کے علاوہ کم آمدنی اور معاشی مسائل سے نبرد آزما گھرانوں سے تعلق رکھنے والی خواتین بھی نیند کی کمی کی شکایت کرتی ہیں۔
گھریلو کام کاج کا دبائو اور دیگر معاشرتی مسائل بھی ذہنی و جسمانی تھکن کا باعث بن کر نیند کو متاثر کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اچھی تعلیم اور خوش و خرم زندگی کا نیند سے بڑا گہرا تعلق ہے ۔ تعلیم یافتہ اور خوش حال خواتین میں بے خوابی کا مرض قدرے کم ہے۔
بے خوابی یا نیند کی کمی کا براہ راست اثر ہمارے دماغ اور جسم پر پڑتا ہے۔  نیند کا پورا نہ ہونا، طبیعت کو چڑچڑا اور جھگڑالو بنا دیتا ہے۔ مسلسل بے خوابی یا نیند میں خلل کے باعث اسٹریس بڑھ جاتا ہے، یادداشت خراب ہونے لگتی ہے۔ مسائل ضرورت سے زیادہ بڑے لگنے لگتے ہیں۔ سوچنے سمجھنے کی صلاحیت معمول سے کہیں زیادہ کم ہوجاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایسی کیفیت سے دوچار خواتین میں خودکشی کا رجحان بھی بہت زیادہ ہے۔
نیند کی کمی ہماری عمومی صحت کے ساتھ ساتھ سب سے پہلے ہمارے چہرے پر اثر انداز ہوتی ہے، چہرے کی جلد اور آنکھیں اس سے بہت زیادہ متاثر ہوتی ہیں، نتیجتاً ہم عمر سے بھی بڑے نظر آنے لگتے ہیں۔
ان تمام مسائل کو محض پوری نیند کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے، جس کے لیے ضروری ہے کہ سب سے پہلے نیند متاثر کرنے والے عوامل پر توجہ دی جائے، ان وجوہات کا سد باب کیا جائے۔
اکثر ہماری نیند غائب ہونے کی وجہ ایسی پریشانیاں ہوتی ہیں جو ہمارے اختیار سے باہر ہوتی ہیں اور اس میں ہمیں اتنا دوش بھی نہیں ہوتا۔ اس لیے ضروری ہے کہ مضبوط قوت ارادی سے اپنے اندر تحمل و برداشت کا مادہ پیدا کیجیے۔ قناعت اور میانہ روی اختیار کیجیے، خود کو مثبت چیزوں میں مصروف رکھیے، کسی بھی پریشانی پر ضرورت سے زیادہ توجہ نہ دیں، ملازمت و معاشی مسائل، اولاد کے مسائل، ان سب کا حل موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ انہیں کیسے حل کرتے ہیں۔
محض پریشانی سے کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔ یہ سب تب ہی اپنی درست حالت میں آئے گے جب آپ کی ذہنی و جسمانی حالت صحت مند و پرسکون ہوگی۔ جسمانی طور پر صحت مند رہنے کے لیے متوازن خوراک کے ساتھ مکمل نیند ضروری ہے، ایک تھکا ہوا ذہن اور  جسم دونوں ہی آپ کی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں اگر آپ بھر پور نیند لیں گی تب ہی زیادہ بہتر طریقے سے ان تمام معاملات سے نبرد آزما ہوسکیں گی۔ یاد رکھیں ایک بھرپور نیند آپ کے ذہنی دباؤ میں رہنے کے امکانات کم کردیتی ہے، ویسے بھی خواتین کی جسمانی اور ذہنی صحت کے ساتھ ساتھ خوب صورتی کے لیے بھی بھرپور پرسکون نیند نہایت ضروری ہے۔
اگرچہ بھرپور پرسکون نیند کا حصول خاصا مشکل دکھائی دیتا ہے ، اس کے لیے ضروری ہے کہ ذہنی انتشار، کشیدگی، تناؤ اور کھنچاؤ سے باہر آئیے۔ جس کے لیے ورزش، مساج، مراقبے اور یوگا سے مدد لیجیے، ان امور کو انجام دینے سے جسم اور ذہن یک ساں طور پر پرسکون ہو جائے گا اور وقت پر نیند آئے گی۔ ہلکا پھلکا فیشل اور مساج بھی آپ کو نیند کی وادیوں میں لے جاسکتی ہے، اگر اچھا لگے تو سوتے لمحے خوش گوار یادوں کی وادی میں نکل جائیے ۔
ہمارے بہت سے معمولات ایسے ہوتے ہیں، جو ہماری نیندیں لے اڑتے ہیں اور ہم بے وجہ نیند غائب ہونے کی شکایت کرتے ہیں۔ سونے سے پہلے ڈائری لکھنا، دیر تک ٹی وی دیکھنا، انٹرنیٹ چیٹنگ اور سماجی روابط کی ویب سائٹس سے جڑے رہناہماری نیند دور کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ ان کاموں کو عین بستر پر جاتے سمے کرنے سے گریز کریں۔ ان کاموں کے لیے ذرا پہلے کا وقت مقرر کرلیں۔
اچھی نیند کے لیے بستر پر بھی متوجہ ہوں۔ آپ کا بستر ہلکے رنگوں کا، نرم، صاف ستھرا اور آرام دہ ہونا چاہیے۔ کمرے میں مناسب درجہ حرارت رکھیں اور اس بات کا خیال رکھیں کہ موسم کی شدت کہیں آپ کی نیند خراب نہ کرے۔
اس کے ساتھ چائے، کافی یا نیند بھگانے والی چیزوں سے پرہیز کریں۔ بہتر یہ ہے کہ نیم گرم دودھ میں شہد ڈال کر پئیں، رات کا کھانا جلد کھائیں اور چہل قدمی ضرور کریں۔ سونے سے قبل کوئی تھکا دینے والا کام یا ورزش ہرگز نہ کریں۔
سونے سے قبل اعصاب کو سکون پہنچانے کے لیے  سر میں تیل کی مالش اور جسم کے مساج سے بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے، یہ عمل ذہنی تناؤ کو دور کرنے کے ساتھ جسمانی سکون بھی پہنچائے گا۔
سیدھی کروٹ لیٹنے سے بھی جلد اور پرسکون نیند آئے گی۔ سونے سے قبل خوش بو لگانے یا کمرے میں خوش بو کی موجودگی سے بھی جلد نیند کی آغوش میں جایا جاسکتا ہے۔ رات کو ہاتھ، پیروں اور چہرے پر کریمیں اور لوشنز کا مساج کرنے کا مشورہ بھی اسی لیے دیا جاتا ہے کہ اس عمل سے جلد اور پرسکون نیند آتی ہے۔

Self Confidence / Khud Atimadi k Liye.... خود اعتمادی کے لیے

خود اعتمادی کو کام یابی کی کنجی کہا جاتا ہے، کیوں کہ اس سے زندگی کے مسائل کا سامنا مشکل نہیں رہتا، خود اعتمادی کی کمی خواتین کی تمام خوبیوں اور قابلیت پر پانی پھیر دیتی ہے، خواتین کا شرمیلا پن، ناکامی کا خوف اور احساس کم تری ان کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں۔
صبح وشام ہمارا واسطہ بے شمار ایسی خواتین سے پڑتا ہے، جو نہ صرف بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہوتی ہیں، بلکہ ذہانت میں بھی مردوں سے پیچھے نہیں ہوتیں، لیکن خود اعتمادی سے اپنا مافی الضمیر بیان نہ کرنے کے باعث اپنی صلاحیتوں کو دوسروں کے سامنے اجاگر کرنے سے قاصر ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے ایسی خواتین اکثر زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتی ہیں۔ عدم اعتمادی کا شکار خواتین گفتگو کرنے میں جھجکتی ہیں، اسکول، کالج یا کام کی جگہ سے لے کر  تفریحی، نصابی وغیرہ نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے کتراتی ہیں اور محفل میں بیٹھنے اور بولنے کے خوف سے وہ اجتماعی سرگرمیوں سے بھی پرے رہنے کی کوشش کرتی ہیں، منفی نتائج آنے کے ڈر سے تجربات کرنے سے گھبراتی ہیں۔ مذاق بن جانے کے خوف کے باعث وہ اکثر علم وآگہی کی جستجو بھی نہیں کرتیں۔
خاموش اور الگ تھلگ، اکیلے ہی بیٹھ کر تجزیہ کرکے نتائج اخذ کرلیتی ہیں، جو اکثر منفی ہی ہوتے ہیں، اگر کوئی صحیح بات معلوم بھی ہو تو اس کے اظہار کی ہمت نہیں کر پاتیں۔ یعنی مجموعی طور پر اعتماد سے محرومی انہیں زندگی کے بہت سے معاملات میں مشکلات کے ساتھ شرمندگی سے دوچار کرتا ہے اور وہ اکثر گھبرائی گھبرائی سی پائی جاتی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ کم سے کم  اپنی شخصیت سے بلاضرورت جھجک کو نکالا جائے۔ خود اعتمادی سے محروم خواتین کو چاہیے کہ سب سے پہلے وہ عزم وہمت کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کریں، یقیناً وہ اس طرح اپنے خیالات اور مافی الضمیر سامنے لانے کے لیے بے جا شرم، جھجک، ڈر اور خوف سے نجات پانے میں کام یاب ہوں گی۔
پہلے قدم کے طورپر ایسے شخص یا دوست کے پاس اٹھنا بیٹھنا شروع کریں جو کہ پر اعتماد شخصیت کا مالک ہو، مضبوط قوت ارادی کا حامل ہو اور اپنے خیالات کا اظہار بلا جھجھک کرتا ہو، ایسے دوستوں یا ایسی خواتین یا ساتھی طالبات ہا ہم پیشہ ساتھی سے مراسم بڑھائیں، جو آپ کی سچی خیر خواہ ہو جسے آپ کی خوبیوں اور خامیوں کا اندازہ ہو اور وہ اعتماد سے محرومی کے وقت آپ کے اعتماد کو بڑھا سکے، کیوں کہ ایسی صورت حال میں کسی کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہوتی ہے، جب کہ ہوتا بالکل اس کے برعکس ہے، اکثر بے اعتماد خواتین کی ہم جولیاں ہی ان پر طنز کرکے انہیں الجھن کا شکار کردیتی ہیں اور یوں ان کی رہی سہی خود اعتمادی ریزہ ریزہ ہوجاتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ طنز کرنے والے لوگوں سے دور رہیں اور کسی ایسی سہیلی کا ساتھ رکھیں جو آپ کی ہمت بندھا سکے۔ اسے آپ کی بے اعتماد کیفیت اور مشکلات کا اندازہ ہو اور جو آپ کی غلطیوں کی تعمیری انداز میں اصلاح کرے نہ کہ مذاق اڑائے۔
اگر آپ کسی ایسی ساتھی کو قریب نہ پائیں تو پھر اپنے گھر میں سب سے قریب شخصیت کی مدد لیں اور بے اعتمادی کے احساس میں اکیلے بیٹھ کر جلنے کڑھنے سے گریز کریں۔ اگر شادی شدہ ہیں تو شوہر ورنہ والدین اور بہن بھائی اس ضمن میں بہترین کردار ادا کرسکتے ہیں۔ زمانہ طالب علمی درپیش ہے تو اچھے اساتذہ بھی زندگی کی انمول نعمت ہوتے ہیں، لہٰذا ان سے راہ نمائی حاصل کیجیے اور اپنے بکھرتے اعتماد کو سمیٹنے کی کوشش کیجیے۔
جن موضوعات پر آپ کی معلومات بہت اچھی ہے، ان سے متعلق اپنی سہیلیوں، عزیز واقارب سے بات کریں اور اپنی معلومات ان تک پہنچائیں۔ اس پر ان سے تبادلہ خیال کریں اور کم سے کم دو چار لوگوں کی محفل سے مخاطب ہوں،کیوں کہ ایسی خواتین محفل میں بیک وقت کئی لوگوں سے مخاطب ہونے سے کتراتی ہیں اور بالکل سرگوشی کے اندازمیں گفتگو کرتی ہیں۔تھوڑی سے اونچی آواز میں بات کرنے سے آپ کے اندر اعتماد آئے گا۔ نئے لوگوں سے علیک سلیک کرنے میں پہل کریں، اپنا تعارف کرائیں اور ان کی مصروفیات وغیرہ کے بارے میں بات کریں۔ اس طرح آپ کے اعتماد کو پختگی ملے گی۔ خود اعتمادی کے لیے نئے دوست بنایئے، خواتین سے جان پہچان بڑھایئے، سماجی تقریبات میں شرکت کریں۔ ملنے والے دعوت ناموں، مذاکروں اور اجتماعی نشست اور بیٹھکوں میں شرکت کو یقینی بنائیں۔ مختلف ادبی وثقافتی میلوں میں شرکت کریں، اس سے آپ مختلف شعبوں کے اہم افراد کے بارے میں جان پائیںگی اور مختلف موضوعات پر معلومات بڑھانے کا موقع بھی ملے گا اس طرح بھی آپ کی خود اعتمادی میں اضافہ ہوگا۔
گفتگو کا آغاز ہمیشہ معلومات حاصل کرنے والے جملوں سے کریں۔ مثلاً میں نیا کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، موبائل یا ٹی وی وغیرہ خریدنا چاہتی ہوں، آپ کا کیا خیال ہے کہ مجھے کیا کرنا چاہیے، یا کسی کمپنی کی مصنوعات زیادہ بہتر ہیں یا پھر میں فلاں شعبے میں داخلہ لینا چاہتی ہوں، بچوں کو فلاں اسکول میں پڑھانا چاہتی ہوں وغیرہ وغیرہ۔ لوگوں سے ایسے موضوعات پر بات کریں جو انہیں پسند ہوں، اس طرح وہ آپ کی بات توجہ اور دل چسپی سے سنیںگی، خوب صورت تعارفی اور الوداعی جملوں کی ادائیگی سے بھی ا عتماد میں اضافہ ہوگا۔
کسی بھی کام کو شروع کرنے سے پہلے اس کی مکمل تیاری کریں، کہیں جانے یا کسی سے ملنے سے پہلے بنیادی معلومات ذہن میں رکھیں، غلطی ہونے پر معذرت اور کسی کی خیر خواہی پر شکریے جیسے الفاظ استعمال کرنے میں فیاضی سے کام لیں۔ شرمندگی سے بچنے کے لیے سوچ سمجھ کر بات کرنے کی عادت ڈالیں۔ ہر وقت ناکامیوں کے اظہار کے بجائے یاد رکھیں جو کام کرتے ہیں وہی ناکام بھی ہوتے ہیں، جب کہ نکمے ہمیشہ ناکامیوں کا خوف ہی پالتے رہتے ہیں اس لیے خود اعتمادی کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کریں ہر میدان میں کام یابی آپ کے قدم چومے گی۔